اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات پر کامل یقین ہونا چاہیے کہ ہمارے لئے اﷲ ہی کافی ہے اور وہی بڑا کارساز ہے ،گزشتہ روز پاک بحریہ کے سی پی اوز، سیلرز اور سویلینز کیلئے اسلام آباد میں امیرالبحر اوپن فورم‘‘سے خطاب میں ایڈمرل ظفرمحمودعباسی نے کہا کہ کردار کی پختگی کے ساتھ ساتھ حربی مہارتوں کو یقینی بنانابھی ہماری اولین ذمہ داری ہے ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اوپن فورم میں شرکت کی جس میں پاک بحریہ میں فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے سی پی اوز، سیلرز اور سویلینز کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دیئے ۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے حالیہ کشیدگی کے دوران پاک بحریہ کے آفیسرز اور اور جوانوں کے اعلیٰ جذبہ اور پیشہ وارانہ مہارتوں کی تعریف کی۔