کراچی، اسلام آباد(کامرس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈ یسک) منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار نجی بینک کے مالک حسین لوائی کو پاکستان سٹاک ایکسچینج کے چیئرمین کے عہدہ سے برطرف کردیا گیا۔گزشتہ روزسکیورٹی اینڈایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان سٹاک ایکسچینج ( پی ایس ایکس) کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے حسین لوائی کی چیئر مین پاکستان سٹاک ایکسچینج کے عہدہ سے برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ای سی پی کے قانون 2015 ئکے سیکشن 12 اور انڈر سیکشن 170 کے تحت حسین لوائی کو عہدہ سے برطرف کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کے الزام میں 6 جولائی کو حسین لوائی کو گرفتار کیا تھا جبکہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے حکام نے پیر کو ہونیوالے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اور دوست سمجھے جانیوالے حسین لوائی کو برطرف نہ کرنیکا فیصلہ کیا تھا۔پی ایس ایکس بورڈ نے چیئرمین کے معاملہ پر دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر چلنے پر اتفاق کیا تھاتاہم حسین لوائی کی غیر موجودگی میں حکام نے آزاد ڈائریکٹر کو معاملات چلانے کیلئے نامزد کیا تھا۔