فیصل آباد(گلزیب ملک) حفاظتی سامان نہ ملنے سے دو درجن پولیس اہلکار کورونا وائر س کا شکار ، تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کے 50ہزار اہلکار کورونا وائر س کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پرتعینات ہیں،کورونا سے متاثرہ مریضوں کو ہسپتال منتقل کر نا ہو یا غائب ہو نے والے مریض کی تلاش کرنا ہو پولیس اہلکار ہی ڈیوٹیاں دیتے ہیں، ہسپتالوں میں کورونا وارڈز کی حفاظت ، کورونا سے مر نے والے مریضوں کی تد فین ، متاثرہ افراد کو گھروں میں قر نطینہ کرنے کے معاملہ میں بھی پولیس کی ہی مدد لی جا تی ہے لیکن ستم ظر یفی کی بات یہ ہے پولیس کے پاس ہینڈ سینی ٹائزر، ماسک اور گلوز کی کمی ہے ، پولیس کے مطابق 50 ہزار سے زائد جوان صوبہ بھر میں ناکوں، مارکیٹوں اورپٹرولنگ کی ڈیوٹیاں کررہے ہیں لیکن ابھی تک پولیس کو حفاظتی سامان کے لئے فنڈز نہیں دیئے گئے ۔رواں ہفتے پولیس کے پاس ساڑھے 6ہزار لیٹر سینی ٹائزرموجود ہے ، 34ہزار 800گلوز،35ہزار سے زائد ماسک ہیں لیکن حفاظتی کٹس صرف ساڑھے 500 ہیں ، نا کافی حفاظتی انتظامات کے باعث متعدد اہلکارکورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، روزنامہ’’92 نیوز‘‘ سے گفتگو کرتے ہو ئے پولیس افسران اور ملازمین کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے پولیس کو’’لاوارث ‘‘ چھوڑ دیا جبکہ دیگر اداروں کو دھڑا دھڑ فنڈز دیئے جا رہے ہیں ، حکومت کو حفاظتی سامان کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔