ساہیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ حفاظتی ٹیکے ہمارے بچوں کو خسرہ سے بچانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ عبدالقیوم ہسپتال میں کی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا جو 15 سے 27 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ خسرہ کی ویکسین بالکل محفوظ ہے جو صوبے بھر کے سرکاری مراکز صحت اور مہم کے دوران قائم کردہ خصوصی مراکزسے مفت دستیاب ہو گی۔عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ کاہلی نہ برتیں اور چھ ماہ سے سات سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو خسرے کے ٹیکے لگوائیں تا کہ انہیں اس موذی مرض سے بچایا جا سکے ۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر نے بتایا کہ خسرہ بنیادی طور پر ایک انفیکشن کا نام ہے جو ایک مخصوصی وائرس سے پیدا ہوتا ہے اور اس کی علامات بخار کے ساتھ شروع ہوجاتی ہیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے ایک آگہی واک کا بھی اہتمام کیا۔