نیویارک( ندیم منظور سلہری سے ) مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں وفد نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر تاکی ہیکوناکاؤسے واشنگٹن میں آئی ایم ایف اورعالمی بینک کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ملاقات میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پاکستان میں جاری اورآئندہ کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر مشیر خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کو کرنٹ ا کاؤنٹ اورمالیاتی خسارے پرقابوپانے اور حکومت کی طرف سے معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا حکومتی اقدامات سے معیشت استحکام کے راستے پرگامزن ہوگئی ہے ۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے کہا اے ڈی بی پاکستان کا اہم ترقیاتی شراکت دار ہے ۔انہوں نے ادارہ جاتی اصلاحات پر اطمینان کا اظہارکیا اورکہا پاکستان سے مستقبل میں تعاون جاری رہے گا۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے عالمی بینک کے جنوبی ایشیا سے متعلق نائب صدر ہارٹ ویگ شیفر نے واشنگٹن میں ملاقات کی۔ مشیر خزانہ نے ملکی معاشی صورتحال پر روشنی ڈالی اور معاشی استحکام کیلئے لئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات اور ان کے مثبت نتائج کے بارے میں آگاہ کیا۔ملاقات میں پاکستان میں پہلے سے جاری اور ترقیاتی منصوبوں میں عالمی بینک کے تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ہارٹ ویگ شیفر نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں عالمی بنک کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔