لاہور(سپورٹس ڈیسک) سابق کپتان محمد حفیظ نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بعد ہر طرح کی کرکٹ کو خیر باد کہنے کا اعلان کردیا۔قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ ٹیم میں واپسی میرے لئے سر پرائز نہیں ہے ، میں ٹیم کو مس کررہاتھا واپسی پر خوشی ہوئی ہے ، باؤلنگ کی کمی محسوس کروں گا، باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ کے لئے تیار ہوں، پاکستان کے لئے بطور بیٹسمین کھیلا ہوں اور باؤلنگ کی اضافی صلاحیت ٹیم کے کام آتی رہی ہے ،کوشش ہوگی کہ بطور باؤلر بھی ایکشن میں نظر آؤں۔محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میرا پلان ہے کہ فٹنس اور فارم کے ساتھ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کھیلوں اور بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوجاؤں، میں کبھی مایوس نہیں بلکہ ہمیشہ پر امید رہتا ہوں اور مثبت سوچتا ہوں، اس سوچ کے ساتھ ٹیم میں آیا ہوں،میری کوشش ہوگی کہ جو اعتماد کیا گیا ہے اس پرپورا اتروں۔محمد حفیظ نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کو فتوحات کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔نوجوان کھلاڑیوں کواپنے تجربے سے بتاؤں گا کہ کس طرح مشکل صورتحال کا مقابلہ کرنا ہے ، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں، اپنے لوگوں کے سامنے کھیلنے کو بے تاب ہوں، زیادہ شائقین کرکٹ کو میدان میں آکر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے ۔