اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حقائق بیان کرنے پر اپوزیشن سیخ پا ہوجاتی ہے ، اعدادوشمار تصدیق کر رہے ہیں کہ شعبہ صحت کی ترقی ماضی کے حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل نہیں تھی۔صرف ناموں کی تختیاں لگائی گئیں، پاکستان کے عوام کی صحت وزیر اعظم عمران خان پہلی ترجیح ہے ۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا کے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔قومی کوششوں کو تقویت دیتے ہوئے ان شائاللہ اس پر قابو پائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ و راشن غریب اور مستحق افراد کے گھر پہنچانے کیلئے جہاں وزیر اعظم عمران خان نے نوجوانوں کا انتخاب کیا وہیں مخیر حضرات کی خدمات کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، یہ جذبوں اور وسائل کا حسین امتزاج ہوگا۔ کور کمیٹی اجلاس میں ایک ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ ہوا جہاں مخیر حضرات اور خیراتی ادارے رجسٹرڈ ہوں گے تاکہ عوامی فلاحی کاوشوں کو ہم آہنگ کر کے نچلے طبقے تک راشن اور اشیاء خورونوش کی تقسیم بروقت اور منصفانہ انداز سے پہنچائی جاسکے ۔