لاہور،کراچی،ملتان،رحیم یار خان،پشاور(جنرل رپورٹر،نمائندہ92نیوز،سپیشل رپورٹر ، خصوصی رپورٹر ، خبرنگار، این این آئی )ملک بھر میں ڈینگی مچھرکے وار بدستور جاری ہیں۔کراچی میں ڈینگی میں مبتلا ایک اور خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ پنجاب میں مزید229 افراد مرض کاشکار بن گئے ۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے اجمیر نگری میں ایک ہی گھر کے 3 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے 45 سالہ خاتون اسما نجی ہسپتال میں دم توڑ گئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی سے 176،لاہور سے 20،اٹک سے 3, بھکر 4,اور بہاولنگر اور چکوال سے 1,1 ،سرگودھا سے 4, سیالکوٹ سے 3, نارووال سے 3, پاکپتن سے 2,شیخوپورہ سے 1 ،حافظ آباد سے 2,فیصل آبادسے ، گجرات , گوجرانوالہ اور جہلم سے 1,1 ،ملتان سے 1, ٹوبہ ٹیک سنگھ سے 2, خانیوال اور رحیم یار خان سے 1,1, ڈینگی کا نیا مریض رپورٹ ہوا ۔پنجاب میں رواں برس ڈینگی مریضوں کی تعداد6392ہوگئی۔ پنجاب میں ڈینگی کے زیر علاج مریضوں میں سے 8کی حالت نازک ہے ۔گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے 1798مقامات سے ڈینگی لاروا تلف کیا ،صوبہ بھر سے ڈینگی لاروا کی موجودگی پر 115کمرشل مقامات کیخلاف مقدمات درج ہوئے اور 17 افراد کوگرفتار کرلیا گیا۔دریں اثنا وفاقی انسداد ڈینگی سیل نے ملک گیر صورت حال پر رپورٹ تیار کر کے وزیراعظم کے معاون خصوصی ظفر مرزا کو ارسال کر دی۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 28 ہزار سے بڑھ گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق وزارت صحت کی رپورٹ میں کہا گیا کہ سب سے زیادہ 7690 کیس اسلام آباد سے سامنے آئے ، رواں سال ملک میں ڈینگی سے 45 اموات ہوئی ہیں۔ادھرنشتر ہسپتال ملتان کے آئی سولیشن وارڈ میں ڈینگی کے شبہ میں 9 نئے مریض منتقل کئے گئے ہیں۔رحیم یارخان میں خاتون سمیت5افراد کو ڈینگی کے شبہ میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مزید 44 کیس سامنے آگئے ۔