لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )پنجاب فوڈ اتھارٹی واٹر سیمپلنگ مہم کا دوسرا مرحلہ، فلٹریشن پلانٹس کے بعد بڑے برانڈز کے پانی کا تجزیہ مکمل کر لیا گیا جس کے تحت11 کمپنیوں کے مختلف برانڈزکے سیمپلز لیے گئے ، معیار میں کمی، غلط لیبلنگ پر 4 برانڈز فیل قرار دئیے گئے پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزی پر ایوائن نیچرل واٹر،مری سپارکلیٹس پریمئم،داسانی اور سپرنگلے نیچرل واٹر کے سیمپل فیل ہوئے ۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن(ر)محمد عثمان کا کہنا تھا کہ لیبلنگ پر ایک جبکہ کوالٹی پر 3 برانڈز فیل قرار پائے ۔داسانی کے پانی میں تلچھٹ اور گندگی پائی گئی، ایوائن نیچرل اور سپرنگلے کے پانی میں ٹی ڈی ایس کا لیول کم پایا گیا۔مری سپارکل لٹ پانی لیبل رول 8 (2) اور بیج نمبر درج نہ ہونے پر فیل قرار پایا۔فیل سیمپلز کی پروڈکشن تا دم اصلاح بند کر دی گئی ہے ۔تصحیح کرنے والے پلانٹس کے دوبارہ سیمپل لے کر تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوائے جائیں گے ۔پاس اور فیل ہونے والے برانڈز کی مکمل فہرست پنجاب فوڈ اتھارٹی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہے ۔تمام قسم کے پانی کا سال میں 4 دفعہ تجزیہ کر کے نتائج جاری کیے جائیں گے ۔پروڈکشن یونٹ چھوٹا ہو یا بڑا، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین کا یکساں نفاذ کیا جاتا ہے ۔