لاہور (خصوصی نمائندہ،صباح نیوز، 92 نیوز رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے کیلئے پوری طرح متحرک ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا بیان راشن عوام کی دہلیز تک پہنچایا جائے پڑھ کر خوشی ہوئی، پہلے مولانا کے بیان آتے تھے کہ مجھے وزیراعظم اور میری آل اولاد کو ایم پی اے ، ایم این اے ، سینیٹر بنایا جائے ۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پہلے مولانا خود اسمبلی میں نہ ہونے کی وجہ سے سسٹم لپیٹنے اور بند کرنے کی بات کرتے تھے ۔انہوں نے اربوں روپے سیاست سے کمائے ،لانگ مارچ میں بھی مولانا نے زرداری، شریف برادران اور اپنے مریدین سے اربوں روپے فنڈز اور چندے کی مد میں اکٹھے کئے ۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مولانا اس رقم سے چند کروڑ وزیر اعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں بھی جمع کرائیں۔علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ سردار عثمان بزدار روز بروز بدلتی صورت حال کے مطابق انتظامی فیصلے کررہے ہیں۔ پنجاب میں تبلیغی جماعتوں کیلئے 33 قرنطینہ مراکز قائم کئے جا چکے ہیں،عوام کے بھرپور تعاون کے بغیر کورونا کا پھیلاؤ محدود کرنا مشکل ہے ،عوام اپنے گھروں میں رہیں،صفائی کے اصولوں پرعمل کریں۔بعدازاں فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سمیع اللہ چودھری نے رضاکارانہ طورپر استعفی دیا ،ان کا یہ اقدام خوش آئند ہے ۔ آٹے اور چینی بحران کی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر منظر عام پرآئی ہے ۔14افراد کے قتل میں ملوث لوگوں میں ایسی جرأت نہیں تھی ۔