لاہور(نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی جوڈیشل کالونی میں رہائش گاہ کے باہر رکاوٹوں کو ہٹانے کا حکم دے دیا اور 25ستمبر کو پولیس حکام سے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ مانگ لی۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے مقامی شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی جس میں حمزہ شہباز کی رہائش گاہ کے باہر رکاوٹیں لگا کر راستہ بند کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست کے وکیل اظہر صدیق نے نشاندہی کی کہ جوڈیشل کالونی میں حمزہ نے اپنے گھر کے پیچھے گلی میں رکاوٹیں کھڑی کی ہیں۔سرکاری زمین پر مرغیوں کیلئے پنجرہ تعمیر کر کے رکاوٹیں بنائی گئی ہیں۔سکیورٹی کے نام پر رکاوٹیں قائم کرنا آئین کے آرٹیکل 9،14،16،17،25 اور 4کی شقوں کے منافی ہے ۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود سڑک پر رکاوٹیں قائم کی گئی ہیں۔ درخواست پر مزید کارروائی 25 ستمبر کو ہوگی۔