لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز ن لیگ کی کھڑکیاں اور دروازے کھولنے کی باتیں سوچ سمجھ کر کریں، کھڑکیاں دروازے کھولنے سے ن لیگ کے ایم پی ایز شریف برادران کو اکیلا چھوڑ کر پنجاب اسمبلی سے باہر نکل جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرِ اطلاعات نے حمزہ شہباز کی جانب سے کی جانے والی تنقید کے جواب میں کیا، انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز آٹے کے مصنوعی بحران پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرنے سے پہلے اپنی یادداشت تازہ کر لیں کہ 1998 اور 2008 میں ن لیگ کے دور حکومت میں عوام آٹے کی شکل دیکھنے کو بھی ترس گئے تھے ، آج آٹا ہر جگہ وافر مقدار میں دستیاب ہے ، فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کا طعنہ دینے والے حمزہ شہباز شاید بین الاقوامی جریدے ٹائمز کے ڈیوڈ روز کو بھول گئے ہیں جو شہباز شریف کو کفن چور اور نواز شریف کو انٹرنیشنل ڈاکو کہہ کہہ کر تھک گیا لیکن ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، انہوں نے حمزہ شہباز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز "اوروں کو نصیحت خود میاں فصیحت" کی پالیسی پر چلنے کے ساتھ ساتھ عالمی صحافتی اداروں کی شریف خاندان اور ان کے دورحکومت سے متعلق کرپشن کے انکشافات پر بھی ایک نظر دوڑا لیں تو زیادہ بہتر ہو۔