لاہور(کلچرل رپورٹر) معروف اداکار حمزہ علی عباسی اور سجل علی کے ڈرامے ’’الف‘‘ کا انتظار مداحوں کو طویل عرصے سے تھا جس کی پہلی قسط نے دھوم مچادی۔ڈرامے میں سجل علی نے ایک ایسی لڑکی کا کردار نبھایا جو اداکارہ بننے کی خواہش مند ہے ، دوسری جانب حمزہ علی عباسی قلب مومن نامی ایک مغرور ہدایت کار بنے ہیں جو انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ایک کامیاب کیریئر گزار رہے ہیں۔قسط میں دونوں مرکزی اداکاروں کے ایک ساتھ آنے والے سینز کو بے حد سراہا جارہا ہے ۔ سوشل میڈیا پر اس قسط کے حوالے سے لوگوں نے کہا ہے کہ یہ ڈرامہ ان کی امیدوں پر پورا اتر رہا ہے ۔ ڈرامے میں سجل علی کے کردار کا نام مومنہ سلطان ہے ۔ ڈرامے میں احسن خان، کبریٰ خان، عثمان خالد بٹ، صدف کنول، سلیم معراج اور سرمد صہبائی بھی اہم کردار نبھارہے ہیں۔ڈرامے میں نامور اینکر اقرار الحسن کا بیٹا پہلاج بھی اہم کردار کررہا ہے ۔