لاہور(کلچرل رپورٹر) ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اطہر علی خان نے کہا ہے کہ الحمرا حسب روایت ادب وثقافت کے فروغ میں اپنی خدمات نبھاتا رہے گا، رواں برس بھی بچوں و نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے نکھار نے کے لئے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، اس حوالے سے غزل فیسٹیول کا انعقاد کل مورخہ 15جنوری کو شام 5;30بجے الحمرا ہال نمبر 2میں کیا جا رہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ الحمرا عوام کو معیاری تفریح فراہم کرنے ، معاشرہ کو خوبصورت بنانے کے لئے مصروف عمل ہے ،عوام کے لئے معیاری ڈرامے پیش کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں، ورکشاپس و نمائشوں کا انعقاد کیا بھی جائے گا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے مزید کہا کہ الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس اور الحمرا آرٹ میوزیم اپنی نوعیت میں تاریخی درس گاہوں کی حیثیت رکھتے ہیں، جن کی فنون لطیفہ کے فروغ میں خدمات قابل ستائش ہیں،الحمرا پاکستان کے سوفٹ امیج کو پیش کرنے میں جو کردار ادا کر رہا ہے اسکو نہ صرف برقرار رکھا جائے گا بلکہ اس میں اضافہ کیا جائیگا،عوام کی الحمرا کے پروگراموں میں بھرپور شرکت کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کا سہرا پوری ٹیم کو جاتا ہے ۔اجلاس میں ڈائریکٹر پروگرامز ذوالفقار علی زلفی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن آفتاب احمد انصاری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن خرم نویل ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر فائن آرٹ منیٰ ہارون و دیگر افسران نے شرکت کی۔