کوئٹہ (مانیٹر نگ ڈیسک،ایجنسیاں ) کوئٹہ کی چمن ہائوسنگ سکیم کے قریب ایف سی مدد گار سنٹر پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا ،فورسز کی جوابی کارروائی میں 2دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ 3نے ود کو اڑالیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایف سی مددگار سینٹر کے قریب یکے بعد دیگرے 4 دھماکوں سے ایف سی مددگار سنٹر کی عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے جس کے بعد اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔پاک فوج کے دستوں کو بھی جائے وقوعہ پر پہنچا دیا گیا ۔ وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کاکہنا ہے کہ کل کی کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک اور ایک فرار ہوگیا تھا لگتا ہے کہ فرار ہونے والے دہشت گرد نے یہ کارروائی کی۔ دوسری جانب پاک فوج کا کہناہے کہ سکیورٹی فورسز نے سنٹر پر حملے کی کوشش ناکام بنادی ہے ۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی کی بروقت کارروائی میں پانچوں خود کش حملہ آورمارے گئے ۔مارے گئے پانچوں حملہ آورافغان شہری لگتے ہیں جودھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی سمیت سنٹر کے اندر داخل ہوناچاہتے تھے لیکن ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقابلے میں ایف سی کے چار جوان بھی زخمی ہوئے ۔ سکیورٹی فورسز نے علاقہ کلیئر کرالیا اورصورتحال اس وقت کنٹرول میں ہے ۔