اسلام آباد،کراچی ( خبر نگار خصو صی،مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کا عوامی لانگ مارچ ڈی چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا، ڈی چوک جلسے میں پی ڈی ایم کے رہنماؤں نے شرکت کی،جیالوں کی بڑی تعداد شریک تھی، پی پی کی قیادت نے کارکنوں کا کراچی سے اسلام آباد تک سفرکرنے پر شکریہ اداکیا ۔ قبل ازیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ڈی چوک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کو جگہ جگہ رکاوٹیں لگا کر روکا گیا، اب عوامی طاقت سے نالائق کو ہٹائیں گے ،اب میں عمران خان کو ایک دن بھی چین سے نہیں بیٹھنے دوں گا، عدم اعتماد اس لشکر کا جمہوری ہتھیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جیالوں کو سلام پیش کرتا ہوں، یہ بہادر اور وفادار لوگ 10 دن سے سلیکٹڈ سرکار کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، کراچی سے 27 فروری کو نکلے اور پھر تعداد میں اضافہ ہوتا رہا، آج ہم ڈی چوک بھی پہنچ گئے ، جیالے جو کہتے ہیں وہ کر کے دکھاتے ہیں، عمران خان سے پورے پاکستان کا اعتماد اٹھ چکا ہے ،ہم نے سلیکٹڈ پر جمہوری حملہ کر دیا، وزیراعظم صاحب گھبرانے کا وقت آ گیا ہے ، ہماری عمران خان سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں، انہوں نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے ، ہم جمہوریت پر ڈاکہ برداشت نہیں کر سکتے ۔اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاکہ اب وہ وقت آگیا ہے کہ ہم آگے بڑھ کر کسی شریف آدمی کو وزیراعظم کی کرسی پر بٹھائیں ، کہتا ہے کہ اقتدار سے نکلا تو بہت خطرناک ہوں گا۔ میں کہتا ہوں بسم اللہ کرو آؤتو صحیح، دنیا دیکھے گی کون خطرناک ہے ، عمران خان کو بہت جلد میں باہر نکال دوں گا، اگر اس کو رہنے دیا تو نہ آنے والی نسلیں معاف کریں گی نہ ہماری قبریں، لانگ مارچ کر لیا، عدم اعتماد بھی کر لیا، اب یہ بھی کر کے دکھائیں گے ۔مسلم لیگ ن کے رہنمااحسن اقبال نے لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 50لاکھ گھروں کا اعلان کر کے لوگوں کے گھر گرا دیئے گئے ، پی ٹی آئی دور میں بے روزگاری او رمہنگائی میں اضافہ ہوا،مہنگائی ختم کرنے کاخواب دکھانے والے نے مہنگائی کے سیلاب میں بہادیا،آج ہر طبقہ حکومت سے تنگ ہے ، جانا پڑیگا۔جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ عمران خان کو قوم پر مسلط کیا گیا اور جو لوگ مسلط کیئے جاتے ہیں وہ قوم کے مخلص نہیں ہوتے ۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں احسن اقبال اورمریم اورنگزیب جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان نے بھی ڈی چوک میں پیپلز پارٹی کے جلسے میں شرکت کی۔