لاہور(جوادآراعوان) تحریک انصاف کی حکومت اتحادیوں سے معاملات کوجلد طے کرنے کے لئے پر امید ہے ،ایم کیو ایم(پاکستان) نے حکومت کی جانب سے بیشتر یقین دہانیوں کو مان لیا ، اتحادیوں سے معاملات کی خرابی کے ساتھ تحریک انصاف کی پنجاب حکومت میں خاموش بغاوت اٹھنا شروع ہو گئی،فائر فائٹنگ کے لئے مرکزی تنظیم کے سینئر عہدیدار کو معاملات بہتر کرنے کی ہدایت مل گئی۔ممبران وفاقی کابینہ نے حکومت کے لئے بننے والے موجودہ سیاسی بحران سے متعلق روزنامہ 92نیوز کو بتایا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اتحادیوں سے معاملات کو تقریبا طے کر لیا اور اس حوالے سے جلد اعلان سامنے آئے گا،ایم کیو ایم(پاکستان) نے حکومت کی جانب سے بیشتر یقین دہانیوں کو مان لیا جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی(مینگل)اور جی ڈی اے سے بھی تازہ رابطے ہو گئے ہیں ،جی ڈی اے کے فنڈز اور دیگر معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ، اسکے ساتھ بلوچستان نیشنل پارٹی(مینگل)کی شکایات کو بھی ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،گمشدہ افراد کے حوالے سے تمام تازہ اطلاعات اور معلومات سے آگاہ کیا گیا ہے جبکہ خودساختہ گمشدہ افراد کو تلاش کر کے انکو گھروں تک پہنچایا گیا ، مسلم لیگ(ق)کی پنجاب حکومت سے متعلق شکایات کو دور کیا گیا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو خصوصی ہدایات بھی دی گئی تھیں کہ وہ اتحادی ق لیگ کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں،ق لیگ کی جانب سے دیگر شکایات کو بھی دور کیا جائے گا،انکا کہنا تھا کہ حکومت کے کسی اتحادی نے اپنی سپورٹ واپس نہیں لی اوراسے جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اتحادیوں سے معاملات کی خرابی کی وجہ سے تحریک انصاف کی پنجاب حکومت میں خاموش بغاوت اٹھنا شروع ہو گی، جس کے بڑے حصہ کا تعلق تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی سے ہے جبکہ پارٹی قیادت کی بھی شکایات ہیں، فائر فائٹنگ کے لئے مرکزی تنظیم کے سینئر عہدیدار کو معاملات بہتر کرنے کی ہدایت دی جا چکی ہے جس کے لئے پارٹی کے سیکرٹری جنرل راجہ عامر کیانی پنجاب حکومت کے حوالے سے شکایات کا جائزہ لیں گے اور انکے حل کے لئے تجاویز پارٹی ہائی کمانڈ کو دیں گے ۔