اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)جمعیت علماء اسلام نے 5 اگست کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے ۔ 5 اگست کو جمعیت علماء اسلام ملک بھر میں مظاہرہ اور ریلیاں نکالے گی۔اس سلسلے میں جمعیت علما ء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں عید کے اجتماعات پر پابندی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے ،انہوں نے کہاکہ حکومت کشمیر کا کیس لڑنے میں مکمل ناکام رہی ہے ، حکومت نے کشمیر کا سودا کرلیا ہے اب مگرمچھ کے آنسو نہ بہائے ، ایک منٹ کی خاموشی سے کشمیر آزاد ہوجائے گا کیا؟ اسلام کا ایک ایک کارکن کشمیریوں کے ساتھ ہے اور کھڑا رہے گا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت بیان بازی کر رہی ہے کشمیریوں کیلئے عملی اقدامات کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے ،عید کے روز سلیکٹیڈ وزیراعظم کشمیریوں کے زخموں پر مرہم لگانے کی بجائے نتھیاگلی نکل گئے ۔