اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان 18 اگست کو قوم کو حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر اعتماد میں لیں گے ۔وزیر اعظم آفس کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ایک سال کی کارکردگی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ وزراتیں اور ڈویژنز پہلے سال کی پانچ بڑی کامیابیاں بتائیں، تمام وزراء 9 اگست تک اپنی وزارت کی پانچ کامیابیاں لکھ کر بھیجیں۔وزیراعظم عمران خان 18 اگست کو قوم سے خطاب کریں گے اور حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر قوم کو اعتماد میں لیں گے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے پتوکی کے قریب ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ۔ وزیراعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہونے والوں کو فوری انصاف مہیا کیا جائے ،وزیراعظم آفس نے مقتولہ صنم زہراکی والدہ سے براہ راست رابطہ بھی کیا ہے ۔صنم زہرہ کی والدہ نے وزیراعظم سے انصاف کی اپیل کی تھی۔واضح رہے 26 جولائی کو پتوکی کے نواحی علاقے حبیب آباد شیرگڑھ روڈ پر نامعلوم افرادنے میاں، بیوی اور بچی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔