لاہور (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتنے بڑے سکینڈل کے بعد بھی حکومت نے صرف وزرا کے محکموں کو تبدیل کیا ہے ، یہ چند چاول ہیں جنہیں دیکھ کر پتہ چل گیا کہ حکومت کی ساری دیگ ہی ایسی ہے ، وزیراعظم سمیت وزرا اور مشیروں کو مستحقین میں امداد کی تقسیم کا آغاز اپنی دولت سے کرنا چاہیے او ر کم از کم اپنی10فیصد دولت کو رونا فنڈمیں جمع کرانی چاہیے ،اب ملک و قوم کے لیے قربانی کا وقت ہے ، وزیراعظم کو سب سے پہلے اپنی پارٹی کے ارکان کو کورونا فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالنے پر آمادہ کرنا چاہیے ، یہ ذہن نشین کر لینا چاہیے کہ حکومت تنہا اس وبا سے لڑنے کی اہلیت نہیں رکھتی،حکومت کا فرض ہے کہ وہ پوری قوم خاص طور پر اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلے اور اتفاق رائے سے اس بیماری سے بچائو کے لیے لائحہ عمل بنایا جائے ،مستحقین تک امدادی رقوم پہنچانے کا بہترین ذریعہ سرکاری ادارے ہیں، حکومت کو کم از کم 15ہزار روپے ماہانہ دینے چائیں تاکہ ایک متوسط گھرانے کے لیے کھانے پینے کی اشیاء خریدی جاسکیں ، آٹے اور چینی کا بحران دوبارہ سر اٹھا رہاہے ۔حکومت فوری طور پر اس طرف توجہ دے ۔