لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے حکمرانوں کومشورہ دیا ہے کہ فریڈم کا نوائے لیکر ایل او سی پر جائیں، کانوائے اقوام متحدہ اوراو آئی سی کے راہنمائوں سمیت انسانی حقوق کی ملکی و عالمی تنظیموں ، ریڈ کراس اور ہلال احمر کے نمائندوں پر مشتمل ہو، فریڈم کا نوائے میں خوراک،ادویات اور ضروریات زندگی کشمیریوں تک پہنچائی جائیں،اب تک کی حکومتی خاموشی اس بات کی دلیل ہے کہ حکمرانوں نے بے حمیتی کی چادر اوڑھ رکھی ہے ،حکمران زندہ لاشیں ہیں،مودی چند مہینوں کے اندر کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدل دے گا اور پھر سقوط غرناطہ اور ڈھاکہ کی طرح کشمیر بھی قصہ پارینہ بن جائے گا،غزہ میں تین دن میں 40فلسطینی مسلمانوں کو شہید کردیا گیا مگر مسلم ممالک کے حکمران بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں،مہنگائی نے لوگوں کی کمر توڑ دی ہے اور وزرائعوام کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ کشمیر میں ہماری مائوں بہنوں بیٹیوں کی چیخیں آسمان سن رہا ہے مگر ہمارے حکمران بہرے ، گونگے بنے ہوئے ہیں، کشمیر میں کرفیو کو ایک سو تین دن گزر چکے ہیں، حکمرانوں نے آج تک قوم کو کوئی لائحہ عمل ،روڈ میپ نہیں دیاجبکہ سراج الحق نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔سراج الحق نے زرداری کی صحت کے متعلق دریافت کیا،سراج الحق نے زرداری کی صحت کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ،دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔بلاول نے کہا کہ سراج الحق کا مشکور ہوں کہ انہوں نے زرداری صاحب کی خیریت دریافت کی ، موجودہ ملکی حالات میں باہمی رابطے کی ضرورت ہے ۔