لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران عوام کے لیے وبالِ جان بن چکے ہیں اورانھوں نے استعمار کی وفاداری میں تمام حدیں پھلانگ دی ہیں، ملک کو مکمل طور پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی میں دے دیا گیا ، عالمی طاقتوں کے اشاروں پر خارجہ اور داخلہ پالیسیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ حکومت نے الیکٹرسٹی ٹیرف میں 15فیصد اضافہ کر کے کروڑوں صارفین کے گھروں پر بجلی گرا دی، بے حس حکمرانوں نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے احکامات پر سرتسلیم خم کرلیا ، ملک میں بجلی، گیس اور پیٹرول نایاب چیزیں بن گئیں، کراچی میں جمعہ کے روز جماعت اسلامی علاقہ گجرو کی جانب سے معززین علاقہ کے اعزاز میں استقبالیے سے بحیثیت مہمان خصوصی اور جامع مسجد عمر قاسم آباد ، جھنجار گوٹھ ضلع شمالی میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا سراج الحق نے کہا کراچی کی روشنیوں کو واپس لانے کے دعویداروں نے شہری مسائل میں مزید اضافہ کیا، چوکوں چوراہوں میں کچرے کے ڈھیر لگے پڑے ہیں، لاکھوں لوگوں کو پینے کا پانی تک میسر نہیں، پورٹ سٹی کے لیے ڈویلپمنٹ پیکیج کا 11سو ارب صرف لفظی جادوگری تک محدود رہا، حکمران داخلی اور خارجی محاذوں پر ناکام ہو گئے ، عوام کو جھوٹے وعدوں اور دعوئوں پر ٹرخایا جا رہا ہے ، براڈشیٹ سکینڈل کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی پر عوام مطمئن نہیں سپریم کورٹ تحقیقات کرائے ، پی ٹی آئی کی حکومت اور پی ڈی ایم کی سیاست کے ایجنڈے میں اسلامی نظام کا قیام شامل نہیں ، ملک میں حکومتیں تو تبدیل ہوتی رہیں لیکن عوام کی حالت نہیں بدلی ۔