لاہور (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل صوبہ وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے دعوئوں کے برعکس مہنگائی کی شرح میں ہوش ربا اضافہ لمحہ فکریہ ہے ۔ یوٹیلٹی سٹورز پر تین سو سے زائد اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے غریب عوام کو میسرمعمولی سا ریلیف بھی ختم ہوگیا ہے ۔ حکومتی اقدامات نے ثابت کردیا ہے کہ حکمرانوں کو عوام کی معاشی مشکلات کے حل سے کوئی غرض نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکومت نے عوام کو ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور دیگر متعلقہ ادارے محض دکھاوے اور کاغذی کارروائی کے سوا کچھ نہیں کررہے ۔