لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق نے کہا ہے حکمرانوں کی بد انتظامی کی وجہ سے کوروناپھیل رہا ہے ۔ کورونا متاثرین کی مدد کے لئے مختص کیا گیا 12سو ارب کہاں خرچ ہوا خود حکمرانوں کو بھی معلوم نہیں۔منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاجس کا ٹیسٹ پازیٹو آئے حکومت کا رویہ بھی اس کے ساتھ پازیٹو ہونا چاہئے مگر حکومت ان کے ساتھ دہشت گردوں جیسا رویہ اختیار کرلیتی ہے ، ٹائیگر فورس کا بڑا شور تھا، مگر وہ کہیں نظر نہیں آئی، ٹڈی دل کوبھگانے کیلئے ٹائیگرز کو ڈھول بجانے اور شور مچانے پر مامور کیا جائے ،حکومت نے کرونا کی عالمی وبامیں اوورسیز پاکستانیوں کو تنہا چھوڑ دیا۔حکومت اورسیزپاکستانیوں کو وطن لائے ، جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کراچی، کوئٹہ، لاہور، پشاور اور اسلام آباد کے ائیرپورٹس پر فری قرنطینہ سینٹر بنا کر اپنے بھائیوں کی مدد کرنے کو تیار ہے ۔ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے حکومت پی آئی اے کمیشن کو ختم کرے ،لیبارٹریز سے فری ٹیسٹ کرائے جائیں،قرنطینہ میں فری سہولیات دی جائیں۔