لاہور(سٹاف رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سابق حکمران کرپشن کرتے تھے ، یہ ہڑپشن کر رہے ہیں ، ہڑپشن کرپشن کی بھی ماں ہے ،سپریم کورٹ آٹا اور چینی بحران پیدا کر کے اربوں لوٹنے والوں کے خلاف از خود نوٹس لے ، حکمران کہتے ہیں کہ ہم بوٹ والی سرکار کے بندے ہیں ،ان حکمرانوں کی پشت پر عوام ہیں نہ اس حکومت کو جمہوری حکومت کہا جاسکتا ہے ،حکمرانوں کی کرپشن ، مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں عوامی عدالتیں لگائیں گے ، کرپشن میں اضافے پر ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ" پڑھتا جا شرماتا جا " ، ملک میں کرپشن بڑھی او ر جمہوریت کم ہوئی ہے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں علما کنونشن سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن سے جمعیت اتحاد العلماء پاکستان کے صدر حضرت مولانا عبدالمالک ، علامہ راغب نعیمی ، حافظ فضل الرحیم اشرفی ، ابتسام الٰہی ظہیر ، مولانا جاوید قصوری اور ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔ سراج الحق نے کہاکہ حکمران قرآن و سنت کا عشر و زکوٰۃ کا نظام نافذ کر دیتے تو آج انہیں آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ پھیلانا پڑتے نہ عوام کا خون نچوڑنے کی نوبت آتی ۔ لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) عظیم الشان کنونشن میں شامل لاہور بھر کے نامورخطبا اور ممتاز علمائے کرام نے عقیدہ ختم نبوت پر اپنے غیر متزلزل ایمان و یقین کا اظہار کرتے ہوئے واشگاف الفاظ میں اعلان کرتے ہیں کہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت ﷺکا تحفظ ہر قیمت پر کیا جائے گا، ہر طرح کے غیر ملکی دبائو اور اندرونی سازشوں کا مل کر اور ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ یہ کنونشن فلسطین ، مقبوضہ کشمیر، شام، عراق، روہنگیا سمیت پورے عالم اسلام کے انتہائی تشویشناک حالات کے تناظر میں اتحاد امت کو وقت کا اہم ترین تقاضا قرار دیتا ہے ، یہ کنونشن مقبوضہ کشمیر میں بھارتی درندگی اور بد ترین ریاستی دہشت گردی کی جاری لہر کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ علمائو مشائخ رابطہ کونسل پاکستان کے زیر اہتمام مشائخ کانفرنس حکومت سے پر زور مطالبہ کرتی ہے کہ وہ جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم کے خطاب پر محض زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے کشمیر کے حوالے سے عملی اقدامات کرکے اس تاثر کا خاتمہ کرے کہ پاکستان کے وزیر اعظم اور مقتدر حلقے خدانخواستہ کشمیر پر کوئی سودے بازی کرکے آئے ہیں، اس حوالے سے قوم کے اندر اضطراب پا یا جارہا ہے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل فی الفور مسئلہ کشمیر حل کرائے ۔