لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن نے شفاف الیکشن آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی خود مختاری پر مکالمہ شروع نہ کیا تو وقت ہاتھ سے نکل جائے گا۔موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کو آگے بڑھا رہی ہے ۔حکومت اور اپوزیشن میں شامل پانامہ کے ملزمان کا احتساب اس لیے نہیں ہورہا کہ وہ بااثر لو گ ہیں۔نیب کو سیاست کی بجائے احتساب کرنا چاہیے ۔ باجوڑ میں قبائلی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاست نظام کی بجائے شخصیات کے گرد گھومتی ہے ۔بااثر سیاسی شخصیات خود کو آئین و قانون سے بالاتر سمجھتی ہیں اس لیے بڑے بڑے مگر مچھ احتساب کے شکنجے میں نہیں آتے ،ا س فرسودہ سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کرنے کے لیے نوجوانوں کو آگے آنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کے خلاف عوام کی نفرت اور مایوسی میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے ۔ بیروزگاری اور مہنگائی کے مارے عوام صبح و شام حکومت کو کوستے سنائی دیتے ہیں مگر ان کی چیخیں احکمرانوں پر کوئی اثر نہیں کررہیں۔لگتا ہے حکمران اندھے اور بہرے ہوچکے ہیں جنہیں کچھ سنائی اور دکھائی نہیں دے رہا۔