ملتان(سپیشل رپورٹر، صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے پاکستان اور بھارت جنگ کے متحمل نہیں ہو سکتے ،دونوں ایٹمی قوتیں ہیں اس لیے بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا ۔7لاکھ فوج کے ذریعے بھارت کشمیریوں کو نہیں دبا سکا ۔آج دنیا بدل گئی ہے ۔ اب کشمیر میں مزید مظالم نہیں ہوسکتے ۔ بھارت کے ساتھ ملکر حکومت بنانے والے فاروق عبداﷲ، عمر عبداﷲ اور محبوبہ مفتی کے بیان سب کے سامنے ہیں۔ ملتان پریس کلب میں کیمرہ میں ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومتیں کابینہ میں تبدیلی کرتی رہتی ہیں ۔ پی ٹی آئی حکومت کو معاشی چیلنجز ورثے میں ملے ۔ملک کی معاشی حالت بتاکر قوم کو مایوس نہیں کرنا چاہتے ۔سب معلوم ہے پیپلز پارٹی،ن لیگ،مشرف اور ضیا حکومت کتنی بار آئی ایم ایف کے پاس گئے ۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے کی وجہ سستا قرضہ ہے ۔19بلین ڈالرز کا بلیک ہول ن لیگ حکومت چھوڑ کر گئی ۔ بلوچستان میں دوبارہ امن تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔داعش کی قوت افغانستان میں بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہاایک طبقہ ہے جو جنوبی پنجاب کو حقیقت نہیں دیکھنا چاہتا۔ شاہ محمود نے کہا دنیا بھر کی اسمبلیوں کی کارروائی لائیو نشر کی جاتی ہیں ۔ پاکستان میں ابھی اسمبلی کارروائی لائیو نشرنہیں کی جاتی ۔لوگوں کو پتہ ہونا چاہیئے انکا منتخب نمائندہ اسمبلی میں کیا بول رہا ہے ۔ سوشل میڈیا نے سیاسی جماعتوں کو بے نقاب کردیا۔ میڈیا صرف سرکاری اشتہارات سے نہیں چلتا۔دنیا بھر میں میڈیا کا انحصار پرائیوٹ سیکٹر پر ہے ۔ پرنٹ میڈیا دنیا بھر میں متاثر ہوا ہے ۔پرنٹ میڈیا کی جگہ الیکٹرانک میڈیا نے لی ہے جبکہ سوشل میڈیا نے الیکٹرانک میڈیا کو مشکل میں ڈال دیا ہے ۔ علاوہ ازیں ملتان میں این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی کارکردگی کے جائزے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے جنوبی پنجاب میں بڑا ٹیلنٹ ہے اور یہاں کے نوجوانوں میں آگے بڑھنے کی دُھن بھی بہت زیادہ ہے لیکن بد قسمتی سے ماضی میں یہاں کے نوجوانوں کو تعلیمی مواقع فراہم نہیں کئے گئے ۔ حکومت جنوبی پنجاب صوبے کا اپنا وعدہ ضرور پورا کریگی تاکہ یہاں کے ٹیلنٹ کو قومی دھارے میں بہتراور بھرپور طریقے سے شامل ہونے کے مواقع مل سکیں۔ ہم معیشت کو مستقل بنیادوں پر ٹھیک کرنا چاہتے ہیں۔ ہم تمام اداروں کو بھی انشاء اﷲ ٹھیک کرینگے ۔