لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما فرحت اﷲ بابر نے کہا ہے کہ حکومتی تنقید کوہم سنجیدہ نہیں لیتے کیونکہ ان کی کوئی کریڈیبلٹی نہیں ۔پروگرام ہوکیارہاہے میں میزبان اسداﷲ خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت احتساب کا صرف ڈرامہ چلا رہی ہے ، یہ کرپشن ختم نہیں کرناچاہتے ۔ یہ باہر سے کوئی پانچ ڈالر توواپس لائیں۔اگر پی ٹی آئی مخلص ہے تو کام کرے ،انہیں کوئی نہیں روکے گا۔الیکشن کے حوالے سے قائم کمیٹی میں اپوزیشن ا ورحکومت کے برابرکے نمائندے شامل ہیں، یہ الیکشن چوری شدہ ا لیکشن تھا جن کے ذریعے تحریک انصاف کو پاور میں لانا تھا، ہم نے اس کے باوجود بائیکاٹ نہیں کیا اورسسٹم کو چلنے دیا، ہم نے تو جمہوریت کی خاطر ایوان میں جاکرحلف لیا۔ ہم چاہتے ہیں جمہوری عمل جاری رہناچاہئے ۔ ہم حکومت کوڈھیل دینا چاہتے ہیں تاکہ ان کے دعوئوں کا عوام کو بھی پتہ چل سکے ۔ ہم ایشو ٹو ایشو اپوزیشن کے ساتھ ملکر چلیں گے ۔تجزیہ کارعارف نظامی نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ کرپشن کی بات کرنے میں کوئی حرج نہیں لیکن حکومت کا لب و لہجہ گالم گلوچ والا نہیں ہوناچاہئے ۔چیئرمین سینٹ نے بھی فواد چودھری کو کئی بار روکا ، اگر انہیں پانچ ہزاراکائونٹس کا پتہ چل گیا ہے تو انہیں ان کی فہرست شائع کرنی چاہئے ۔ یہ بھی بتائیں کہ ان میں کتنے لوگ پی ٹی آئی کے ہیں۔ اسحاق ڈار کی واپسی کا معاملہ بڑا پیچیدہ ہے ،ان کو واپس لانا بہت مشکل ہوگا۔ تمام چینلز اکثر موبائل سے بنی فوٹیج چلاتے ہیں، اس طرح کی فوٹیج پر پابندی پیمرا کی جانب سے حیران کن ہے ۔ آرمی چیف کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں اکثرلوگوں کا خیال تھا کہ ویڈیو پرویز الٰہی نے خود لیک کرائی ہے ۔میں نے پرویز الٰہی سے پوچھا تو انہوں نے کہا اقبال چودھری نے ہماری میٹنگ کی تصویر کھینچی لیکن غلطی سے ویڈیوکا بٹن دب گیا لیکن ناقدین کہتے ہیں وہ چودھری سرو ر کوپیغام بھجواناچاہتے تھے ۔ اس سے یہ بھی پتہ لگتاہے کہ پنجاب کی وزارت اعلی کیلئے ریس اندر کھاتے بڑی تیزی کے ساتھ چل رہی ہے ۔