ملتان (خبر نگار،92 نیوز رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے سیاسی تنہائی کی وجہ سے حکومت خود گھبراہٹ کا شکار ہوچکی،عوام کو سواتین سالوں میں مایوسیوں،تکلیفوں اور سبز باغوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔ کرپشن اور بیڈگورننس سے ادارے تباہ ہوگئے ۔ حکومت الیکشن کمیشن، نیب، ایوان، عدلیہ پر کنٹرول چاہتی ہے ۔ ای وی ایم دھاندلی کامنصوبہ ہے ۔ سٹیٹس کو کے رکھوالے انتخابی اصلاحات نہیں چاہتے ۔ عوام کو ہی بیدار ہونا پڑے گا، پوری قوم شفاف الیکشن کے انعقاد کیلئے کردار ادا کرے ۔ 28 نومبر کو اسلام آباد میں بیروزگار نوجوانوں کو بلایا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤمحمد ظفر اور امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی بھی ان کیساتھ تھے ۔سراج الحق نے کہا حکومت امن و امان کی بحالی اور لوگوں کوتحفظ فراہم کرنے میں مکمل بے بس دکھائی دے رہی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت وعدے کے مطابق جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ کادرجہ دے ۔ ملتان میں ریونیو بورڈ بنایا جائے ۔ جنوبی پنجاب کے ہر ڈویژن میں خواتین یونیورسٹیاں بنائی جائیں۔امیر جماعت نے ملتان کے تین روزہ دورہ کے آخری روز اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام عزم نو احباب کنونشن سے خطاب کیا۔ انہوں نے پرائیویٹ سکولز کے پرنسپلز اور اساتذہ کی استقبالیہ تقریب سے بھی گفتگو کی۔ امیر جماعت نے کہا طبقاتی نظام تعلیم ملک کے مسائل کی جڑ ہے ۔ اساتذہ قوم کی تعمیر کیلئے کردار ادا کریں اور اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں۔