لاہور( پ ر )پاکستان تحریک انصاف کے رہنماجمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کی دھمکیوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہو گی اور احتساب کاعمل جاری رہے گا ،ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والے مگر مچھ کے آنسو بہا کر بیوقوف نہیں بنا سکتے بلکہ انہیں عوام کے غیض و غضب کا سامناکرنا پڑے گا۔اپنے ایک بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ سابقہ ادوار میں قومی خزانے کو پانی کی طرح بہایا گیا ،حکمران چارٹرڈ طیاروں کے ذریعے اپنے اہل و عیال کے ہمراہ بیرونی دورے کرتے رہے جس کا بوجھ غریب عوام کو برداشت کرنا پڑا۔وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ امریکہ دورہ پر صرف 67ہزار ڈالر خرچ ہوئے جبک نوازشریف نے 11لاکھ ڈالرز،آصف زرداری نے 13لاکھ ڈالرزاور شاہد خاقان عباسی نے غریب قوم کے 7لاکھ ڈالرزسے زائد خرچ کئے ۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا اپوزیشن کاجمہوری حق ہے لیکن اگر یہ آئین و قانون کے دائرے سے باہر ہوا تو حکومت ہر حال میں اپنی ذمہ داری نبھا ئے گی ۔