لاہور(نامہ نگار خصوصی) سپریم کورٹ نے عدالتی فیصلے کیخلاف تاخیر سے اپیل کرنے کے ذمہ دار افسروں کیخلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ حکومت اگر اپنے حق پر ہی سو جائے تو سپریم کورٹ کیا کر سکتی ہے ۔گزشتہ روزچیف جسٹس گلزار احمد، جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل بنچ نے محکمہ آبپاشی کی اپیل پر سماعت کی۔جہاں انکشاف ہوا کہ محکمہ آبپاشی نے ہائیکورٹ کے فیصلوں کے خلاف تاخیر سے اپیلیں دائر کی ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ محکمہ آپباشی نے جان بوجھ کر ہائیکورٹ کے سنگل بنچ فیصلے کے خلاف اپیل تاخیر سے دائر کی۔جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ ہم کیا کریں آپ نے 24 دن تاخیر سے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہاکہ محکمہ آپباشی کے سب انجینئر بدر منیر کے استعفی کے معاملے پرسنگل بنچ کے فیصلے کی مصدقہ نقل اور محکمہ سے اپیل دائر کرنے کی منظوری تاخیر سے دی گئی،اسی باعث 2رکنی بنچ نے انٹرا کورٹ اپیل مسترد کی۔ سپریم کورٹ نے فزکس کی ٹیچر شمائلہ کے تقرر کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیل کو ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کر دیا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ نے سماعت کی۔چیف جسٹس نے کہاکہ ملازمت کے اشتہار میں ایف ایس سی میں فزکس کا ذکر نہیں اور ایچ ای سی نے بی ایس سی فزکس کو ایم ایس سی کے برابر قرار دیا ہے پھر کیا اعتراض ہے ؟ سپریم کورٹ نے اراضی کے انتقال کی75ہزارروپے فیس خورد برد کرنے والے برطرف پٹواری شیخ مبارک کی ملازمت پر بحالی کی اپیل مسترد کر دی۔ سپریم کورٹ نے گندم اورباردارنہ میں 56لاکھ روپے کی خورد برد میں ملوث محکمہ خوراک میانوالی کے فوڈگرین سپروائزر کی بحالی کیخلاف درخواست پر سماعت کے بعد افسر کی بحالی کا سروس ٹربیونل کا فیصلہ معطل کردیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر حکومت پنجاب سے دستاویزات طلب کر لیں۔ سپریم کورٹ نے فائرنگ کرکے شہری کو زخمی کرنے والے ملزم محمد اعظم کی ضمانت منظور کرلی اور ایک لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے ۔