کراچی(سٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت انتخابی اصلاحات کے زبانی کلامی دعوے سے آگے بڑھ کر عملی طور پر انتخابی اصلاحات کیلئے راہ ہموار کرے ، الیکشن کمیشن کو اس انداز میں آئینی تحفظ دیاجائے کہ کوئی بھی الیکشن کمیشن کی خودمختاری، اختیارات اور غیر جانبداری پر اثر انداز نہ ہوسکے ، حکومت پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موجود تمام سیاسی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلائے اور تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد سیاسی مفادات اور سیاسی انجینئرنگ سے بالاتر ہوکر قوم کے وسیع تر مفاد میں متفقہ انتخابی اصلاحات کو حتمی شکل دے کر انتخابی عمل میں دھاندلی کے تاثر کو ملک سے ہمیشہ کیلئے ختم کرے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل فیڈرل بی ایریا میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ آئینی اصلاحات میں پوشیدہ ہے ، اختیارات اور وسائل کو نچلی ترین سطح پر منتقل کئے بغیر ملک کو ترقی یافتہ اقوام میں شامل نہیں کرایا جا سکتا۔