لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )صوبائی وزیر برائے تحفظ ماحول محمد رضوان نے کہا ہے کہ ملک میں جنگلات کی کمی کو پورا کرنے ،موسمیاتی تغیرات میں کمی اورماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لئے موجودہ حکومت باشعور دنیا کے شانہ بشانہ چل رہی ہے ۔ اس حکمت عملی کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں "کلین اینڈ گرین پاکستان" پروگرام کے تحت شجرکاری مہم کا آغاز کیا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جس طرح حکومت اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے اسی طرح پاکستان کا ہر شہری بھی نہ صرف اپنے حصے کا ایک پودا لگائے بلکہ اس کو پروان چڑھانے کے لئے اس کی مکمل نگہداشت بھی کرے تاکہ اس مہم کو کامیاب بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ درخت ماحول کو آلودگی سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ موجودہ حکومت نہ صرف جنگلات کو محفوظ بنانے پر توجہ دے رہی ہے بلکہ " کلین اینڈ گرین پاکستان" پروگرام کے تحت درختوں اور آبادی کے تناسب میں گیپ کو پورا کرنے پر بھی بھر پور توجہ دے رہی ہے ۔