لاہور (سٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہاہے کہ حکمرانوں کے ناعاقبت اندیش فیصلوں کی بدولت پاکستان کے 22کروڑ عوام مایوس اور پریشان ہیں۔ حکمرانوں کے معاشی صورت حال کو بہتر بنانے کی تمام اقدامات محض ڈنگ ٹپائو اور بلند بانگ کھوکھلے دعوے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کرنے کے مترادف ہیں۔جمہوری نظام کے استحکا م کے لئے حکومت بلدیاتی انتخابات کا اعلان کرے ۔ ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھر پور انداز میں حصہ لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اضلاع کے دورہ جات کے موقع پرخواتین کے نظم ، ضلعی و زونل ذمہ داران، سیاسی کمیٹی کے ارکان اور برادر تنظیمات کے مشترکہ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔