اسلام آباد(این این آئی؍ 92 نیوز رپورٹ) حکومت نے میڈیا ٹربیونلز کے قیام پر یکطرفہ فیصلے نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں کہا حکومت میڈیا ٹربیونلز کے معاملے پر سولو فلائٹ نہیں کریگی،میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے ، اس پر بھی کوئی ذمہ داری ہے ۔معاون خصوصی اطلاعات نے مزید کہا کہ معاملے پر ابھی کوئی ڈرافٹ فائنل نہیں ہوا ، اے پی این ایس اور سی پی این ای سے ڈرافٹ شیئر کرینگے ۔انہوں نے کہا وزیراعظم میڈیا کے کردار کو مزید فعال بنانے کیلئے پر عزم ہیں،میڈیا کی طاقت کے بغیر کوئی ریاست طاقت ور نہیں ہو سکتی،میڈیا کو قومی مفاد کی خبروں کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب دونوں ممالک کے مابین با اعتماد برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے ، عمران خان سعودی ولی عہد کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے ۔ انہوں نے کہا برادر اسلامی ملک اور او آئی سی کے رکن کو اعتماد میں لینا ہوگا، مظلوم کشمیریوں کی آواز کو مضبوط بنانا ہے ، مظلوم کشمیریوں کیلئے اسلامی دنیا کی حمایت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا عوام سعودی قیادت سے والہانہ محبت اور عقیدت رکھتے ہیں، وزیراعظم کا دورہ ایک اور سنگ میل ثابت ہوگا۔