لاہور(سٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکومت اور ملکی سیاست ناکامیوں سے دوچار ہے ۔ جمہوریت اور سیاست کو اقتدار کی ہوس رکھنے والے گروہ نے ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھا دیاہے ۔ جمہوری استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ یہی گروہ ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ تبدیلی ووٹ اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے آئے ۔ نام نہاد جمہوری قیادتوں نے پورے نظام کو عالمی استعمار کے سامنے ڈھیر کردیاہے ۔ عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات نہ ملی تو حکمرانوں کو اقتدار چھوڑنا پڑے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔