لاہور(سٹاف رپورٹر،صباح نیوز)مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے ٹائیگر فورس کے سیاسی تماشے بند کر کے لوگوں کو فوری ریلیف اور راشن پہنچانے کی حکمتِ عملی بنائی جائے ،عوام بھوک اور افلاس کا شکار ہیں اور چینی چور کہہ رہے ہیں ملک میں آٹا اورچینی وافر مقدار میں موجود ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہابھوک کے ستائے لوگ سڑکوں پر بے حال بیٹھے ہیں۔ غریب، بے روزگار، دیہاڑی دار کے پاس روٹی نہیں اور عمران خان تعمیراتی ریلیف پیکج دے رہے ہیں، جب کنسٹرکشن ریلیف پیکیج دینے کا وقت تھا تو عمران خان لنگر خانے کھول رہے تھے ، اب لنگر خانے کھولنے کا ٹائم ہے تو کنسٹرکشن ریلیف پیکیج دے رہے ہیں، قوم پوچھ رہی ہے اس وقت کنسٹرکشن کی صنعت جنات چلائیں گے ؟۔ وزیراعظم کی سمجھ کا یہ عالم کہ مزدوروں کو آن لائن رجسٹریشن کی نصیحت کررہے ہیں، ملک بھر میں آٹے کی قلت ہوچکی ہے ، یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیا نہیں،جو بل گھروں تک پہنچا رہے ہیں، انہیں کے ذریعے امدادی سامان بھی عوام تک پہنچائیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے ، مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم نے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہے ،حالات سے مایوس نہیں ہونا ، مسلم لیگ (ن)بطور اپوزیشن جماعت تعمیر ی او رمثبت کردار ادا کر رہی ہے ،عوام سے اپیل ہے کہ خود کو گھروں تک محدود رکھیں اور حفاظتی تدابیر پر عمل کرکے وباء کو پھیلنے سے روکیں،شہباز شریف نے غیر معمولی کارکردگی دکھا کر اپنی اہلیت ثابت کردی۔