لندن(این این آئی)مشیر وزیراعظم برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم دن رات مشکل حالات پر قابو پانے کیلئے محنت کر رہی ہے امید ہے کہ حکومت جلد معاشی مشکلات پر قابو پالے گی۔گزشتہ روزمیڈیا سے گفتگو میں زلفی بخاری نے کہاکہ دنیا بھرکی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے مزید اقدامات کر رہے ہیں جب کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولیات سمیت سیاحت کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ضلعی سطح پر آفس قائم کرنے پر کام کیا جارہا ہے ، اسلام آباد میں اوورسیز پولیس سٹیشن جلد کام شروع کردے گا جس کا سلسلہ جلد دوسرے شہروں میں بھی پھیلایا جائے گا۔ زلفی بخاری نے مزید کہا کہ سابق چیف جسٹس کی طرف سے ڈیم فنڈ اکٹھا کرنا ان کا ذاتی عمل ہے ، ہائی کمشن میں بینک اکائونٹ ہونے کے باوجود پرائیویٹ چیریٹیز کوشامل کرنا مناسب نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بہت جلد برطانیہ کا دورہ کریں گے اور برطانیہ سے دوطرفہ تجارتی امور پر بات چیت کرینگے ۔