لاہور ، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خبر نگار خصوصی ، مانیٹرنگ ڈیسک) صدرمسلم لیگ ن قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہبازشریف نے کہاہے حکومت کے جانے کا وقت آگیا ،ہمارا قافلہ نکل چکا حکومت کو اب بے نقاب کریں گے ،اس حکومت کواب عوام برداشت کریں گے نہ کوئی اور۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا مہنگائی اوربیروزگاری نے عوام کاجینامحال کردیا،یہ کہتے تھے بجلی اورپٹرول مہنگاہوتووزیراعظم چورہوتاہے ،لوگ بھوکے رہنے پر مجبور ہیں،حکومت سے لوگ تنگ آچکے ،عمران خان 80افرادکاوفد لیکر سعودی عرب گئے ،ملکی سلامتی کیلئے فوج ناگزیرہے ،کسی ادارے میں ٹرانسفر،پوسٹنگ اندرونی معاملہ ہے ، مہنگائی پاکستان کا نمبر ون مسئلہ بن گئی ، جلسے میں اداروں کیخلاف نعرے لگانے والوں کان لیگ سے تعلق نہیں،عوامی جلسوں میں اداروں کے سربراہان کیخلاف نعرے لگانا قومی مفاد کیخلاف ہے ۔ایک بیان میں شہباز شریف نے حکومت کو معاشی تباہی اور مہنگائی کے ذریعے قومی سلامتی خطرے میں ڈالنے کامجرم قرار دیدیا۔ انہوں نے کہا عوام کو معیشت اور موجودہ حکومت میں سے ایک کو چننا ہوگا ،اس حکومت کا ایک ایک منٹ پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان دے رہا ہے ، مہنگائی کنٹرول کرنے کا اعلان کر کے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مزید بڑھا دیں، یہ ہے اس حکومت کا احساس اور وعدہ؟ مہنگائی میں مسلسل اضافہ اور آئی ایم ایف کی سلامتی وقومی اداروں کے بینک اکائونٹس سے متعلق شرائط خطرے کی گھنٹی ہے ،یہ کون سے اچھے دن آئے ہیں کہ ہر روز چائے ، چینی، آٹے ، انڈے ، دودھ، دہی، گھی، چاول، سبزیوں اور دوائی کی قیمت بڑھتی ہی جا رہی ہیں؟ معاشی تباہی کی جلتی آگ پرمہنگائی تیل کا کام کررہی ہے ، حکمرانوں کا ہر دن قومی سلامتی کیلئے خطرات اور خدشات بڑھا رہا ہے ۔موجودہ حکومت کو مکمل چھٹی دینے کی ضرورت ہے ، مسائل کی دلدل سے ملک کو نکالنے کیلئے سنجیدہ اور دیانتدار ٹیم کی ضرورت ہے ، ثابت ہو چکا ملک اور قوم کے مسائل یہ حکومت حل نہیں کر سکتی۔ایک ٹویٹ میں شہباز شریف نے مسلح افواج اور پولیس اہلکاروں کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا اورکہا بدقسمتی سے ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے ، حکومت کہیں نظر نہیں آرہی۔