لاہور؍ کراچی ( نمائندہ خصوصی سے ؍ سٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی پی سندھ اور بلوچستان ایگزیکٹوز کا بلاول ہاؤس میں الگ الگ اجلاس ہوئے ۔ پی پی پی سندھ کے عہدیداران نے صوبے کی سیاسی صورت حال سے متعلق بریفنگ اور 27 فروری کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کو کسان ریلی کی تیاریوں کے حوالے سے بھی خصوصی بریفنگ دی گئی۔بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھیں ۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا پیپلز پارٹی کو اپنے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار فائنل کر لینے چاہیئں، حکومت جارہی ہے ،ہمیں صرف اپنا ہوم ورک مکمل کرنا ہے ، آئندہ حکومت پیپلز پارٹی بنائے گی، لانگ مارچ کے ذریعے ہم حکومت کو گھر بھجوا کر دم لیں گے ۔ پارٹی ارکان نے اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) سے اتحاد پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ مجبوریوں کے تحت ن لیگ کے ساتھ چلے تاہم اس اتحاد سے پیپلز پارٹی کو سیاسی نقصان ہوا،اب ہمیں بلدیاتی اور جنرل انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کا بھرپور مقابلہ کرنا ہوگا، ن لیگ سے علیحدہ رہ کرسیاسی جہدوجہد کرنا ہوگی۔ذرائع کے مطابق ارکان نے آئندہ انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان عوامی تحریک اور دیگر مذہبی اور سیاسی جماعتوں سے اتحاد کے مشورے بھی دئیے ،پیپلزپارٹی نے اپنے تمام الائیڈ ونگز کی تنظیم نو کا فیصلہ بھی کر لیا، تمام ونگز کے علیحدہ علیحدہ کنونشن منعقد کئے جائینگے ۔الیکشن مانیٹرنگ سیل کے قیام کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی پی بلوچستان کے ایگزیکٹوز کا اجلاس بھی ہوا۔بلاول نے کہا کہ 27 فروری کو ملک بھر سے عوام نکلیں اور سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بھیج دیں گے ، لانگ مارچ سے قبل کسان مارچ اور پارلیمنٹ میں مؤثراحتجاج کا ٹریلر حکومت کے لئے ایک اہم سبق ہوگا، اگلے انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدوار بننے کے خواہش مند اپنی درخواستیں جمع کرادیں،مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کردیا، اب عمران خان کی سرکار ایک دن کے لئے بھی برداشت نہیں۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ بارش عوام کے لئے پریشانی کا باعث بن گئی،کوئٹہ، گوادر، کوہلو، سبی، ژوب، تربت، چمن اور زیارت میں عوام کو نقصان اٹھانا پڑا،وفاقی حکومت بارش متاثرین کے لئے بلاتاخیر امدادی کارروائیاں شروع کرے ۔انہوں نے کہا نیازی حکومت نے عوام کو لاوارث چھوڑ دیا۔بلاول بھٹو زرداری یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ بھی گئے اور ان کی خوشدامن اور پیر اسرار حسین شاہ کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی۔انہوں نے سید یوسف رضا گیلانی کی اہلیہ اور صاحبزادے قاسم گیلانی سے بھی اظہار افسوس کیا۔پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی مجلس عاملہ نے قومی، عوامی معاملات اور گھمبیر ملکی صورت حال کے بارے اہم فیصلے کئے ہیں،ملکی سلامتی اور استحکام پر سمجھوتہ نہ کرنا اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہنا ہماری درخشندہ تاریخ ہے ،آئی ایم ایف غلامانہ منی بجٹ کی پارلیمنٹ کے اندر بھرپور مخالفت کریں گے ، پارلیمنٹ کے باہر احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا، دیگر اپوزیشن جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دیں گے ۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے حسن مرتضیٰ اور چودھری یاسین کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا چیئرمین بلاول بھٹو کے بر وقت فیصلے سے پورے ملک میں کرنٹ دوڑ گیا ، پیپلز پارٹی وسطی پنجاب تیار ہے ،گلی گلی،کوچہ کوچہ جائینگے ،تمام سیاسی جماعتوں اور طبقات کو مارچ میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔میڈیا کے سوالات کے جواب میں راجہ پرویز اشرف نے کہا لانگ مارچ کی کال کولیٹ نہیں کر سکتے ۔راجہ پرویز اشرف نے اسلام آباد پہنچنے کے بعد کے لائحہ عمل کے سوال پر کہا کہ کچھ باتیں وقت سے پہلے نہیں بتا سکتے ،حکومت لانگ مارچ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہو گی،لانگ مارچ اور احتجاج اور عدم اعتماد سمیت تمام آپشنز سامنے رکھ کر لائحہ عمل بنائینگے ،پیپلز پارٹی واپس آنیوالوں کو خوش آمدید کہے گی، سب کیلئے دروازے کھلے ہیں۔حسن مرتضیٰ نے کہا چیئرمین نے مارچ کا بہترین فیصلہ کیا،ہم ہراول دستہ بنیں گے ،پارٹی میں ذکریا بٹ جیسے ناراض ساتھی واپس آ رہے ہیں۔پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے ایک ٹویٹ میں کہا سردیوں کی شروعات سے اب تک ملک میں گیس بحران جاری ہے ، کئی ماہ سے گیس بندش اور کم پریشر کی وجہ سے شہری اذیت کا شکار ہیں، اس نااہل حکومت نے ملک کو پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا، نااہل حکومت مسلط رہی تو حالات مزید خراب ہونگے ۔پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے بلاول ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان نے عوام کو گالیوں اور دھمکیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ،پیپلز پارٹی حکومت کو گھر بھیج کر ہی دم لے گی،عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ملک میں نئے سیٹ اپ کی ضروت ہے ۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ پنجاب ایگزیکٹو کا اجلاس آج ہو گا۔