لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما نواب وسان نے کہاہے کہ عمران خان کی حکومت جلد ختم ہوجائیگی ، موجودہ سال سے آگے نہیں جائیگی کیونکہ عوام انہیں بددعائیں دے رہے ہیں ۔ چینل 92نیوزکے پروگرام’’ کراس ٹاک ‘‘میں میزبان اسداللہ خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو کچھ پتہ نہیں ، یہ صرف باتیں کرنے کے ماہرہیں۔ عمران خان نے جو کیا وہ سب عوام کے سامنے ہے ،سیاستدانوں کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے کہا کہ لندن پلان کی باتیں کھل کرسامنے آرہی ہیں۔ چار چار باریاں لینے والے ، ملک کولوٹنے کے بعد پورا ٹبر لندن میں بیٹھاہے ، نوازشریف جب سے لندن گئے کیا ایک دن بھی کسی ہسپتال داخل ہوئے ؟۔مریم نواز کیوں خاموش ہیں؟۔ اپوزیشن چوں چوں کامربہ ہے ، اس میں کوئی دم خم نہیں ۔ بطورادارہ نیب نے اچھا کام کیا۔ن لیگ کے رہنماڈاکٹر نثار چیمہ نے کہا کہ نوازشریف حکمرانوں کے اعصاب پرسوار ہیں۔پی ٹی آئی اپنی موت آپ مررہی ،بڑے بڑے چوروں کی بات کرتی ہے تو کیا عمران خان کے اردگر دبیٹھے لوگ چورنہیں؟ ۔ شوکت بسرانے نیب کی تعریف کی ، چیئرمین نیب کو چاہئے کہ ان کیخلاف جاری نوٹس واپس لے لیں۔تجزیہ کار نذیر لغاری نے کہا کہ اگرشہبازشریف کیساتھ جو شخص آیا اوراسکی نوازشریف سے ملا قات ہوئی تو یہ بھی بتایا جائے کہ ملنے والا کون تھا۔ 92نیوزکے لندن میں بیوروچیف غلام حسین اعوا ن نے کہا کہ اگرنوازشریف سے ملنے والا شخص انکا دوست تھا تواسے عقبی دروازے سے کیوں نکالا گیا؟ اس پرشک توہوناہی ہے ۔شریف فیملی کے اہم شخص نے بتایاکہ آئندہ چندروز میں نوازشریف کے دل کے علاج کا امکان ہے ، شاید وہ مریم نواز کے لندن آنے کا انتظارکررہے ہیں کیونکہ اگرآپریشن ہوگیا تو پھر مریم کو لندن بلانے کا جواز نہیں بچے گا، آپریشن اتنا لمبا چوڑا نہیں، صرف گھنٹہ ڈیڑھ گھٹنہ کا ہوگا۔