فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ حکومت خود ہی گر رہی ہے احتجاج کی ضرورت نہیں ۔ حکومت کا انتقال ہوچکا، اب رسم قل باقی ہے ۔ شہباز شریف، نواز شریف اور رانا ثناء اﷲ کا جیل میں ہونا کوئی خبر نہیں بلکہ عوام کا آٹا، دوائی نہ خرید پانا اصل خبریں ہیں۔ (ن) لیگ ایک فیملی کی طرح ہے ۔ رانا ثناء اﷲ کی اہلیہ ان کی بہن ہیں وہ ان سے اظہار یکجہتی کرنے کے لئے آئے ہیں وہ جلد ہی جیل سے باہر ہمارے درمیان ہوں گے ۔ وہ گذشتہ روز یہاں منشیات کیس میں بند مسلم لیگ (ن) کے راہنما رانا ثناء اﷲ کی رہائش گاہ پر ان کی اہلیہ، داماد اور بیٹی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام سے انتقام لینے پر تلی ہوئی ہے ان کے جتنے بھی اقدامات ہیں وہ عوام دشمن ہیں جبکہ ان کی انتقامی کارروائیاں عوام سے محبت کرنے والوں کے خلاف ہیں۔ میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف، مریم نواز ، رانا ثناء اﷲ سب کو عوام سے محبت کرنے کی سزا دی جارہی ہے ۔ اگر اس حکومت کو تبدیل نہ کیا گیا تو ڈالر 200 روپے سے بھی اوپر چلا جائے گا ۔رانا ثناء اﷲ کو اوچھے طریقے سے پکڑا گیا جس پر حکمرانوں کو شرم آنی چاہیے ۔