لاہور ، اسلام آباد،فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر ، 92 نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں ) مسلم لیگ ن نے کہا ہے حکومت سن لے ، کچھ بھی ہواب شہباز شریف کو جیل نہیں جانے دیں گے ۔عطاتارڑ اور عظمیٰ بخاری نے ماڈل ٹائون پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نیب نیازی گٹھ جوڑکے تحت شہبازشریف کودوباربے بنیادجیل میں ڈالاگیا،شہبازشر یف کوتیسری بارعمران خان کے انتقام کانشانہ نہیں بننے دینگے ،ایساکیاگیاتوسٹرکوں پرآئینگے اوردھرنے بھی دینگے ،شہباز شریف کیخلاف کیس نیب نیازی گٹھ جوڑ کے نتیجے میں بنے ،عطاتارڑ نے کہابہاولپور کے لال سہانرہ پارک کے متاثرین کے حوالے سے انکوائری کھولی گئی، سوا سال پہلے ملتان نیب میں اس حوالے سے جواب جمع کرا چکے ، ایک بات عمران خان نیازی اور چیئرمین نیب کان کھول کرسن لیں، کچھ بھی ہواب شہباز شریف کو جیل نہیں جانے دیں گے ،آپ کے جوبس میں آتاہے کرلیں،ثبوت ہوتے ہیں نہ شواہد،نیب ایگزیکٹو بورڈ سیاسی بنیادوں پرفیصلے کرتاہے ۔حکومت کا ہر سکینڈل اربوں روپے کا ہے اور الزام ہمیں دیتے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہاچیئرمین نیب چہرا دیکھ کر مقدمات چلاتے ہیں، حکومت میں بیٹھا کوئی شخص انہیں نظر نہیں آتا، چیئرمین نیب صرف فیس دیکھتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معائنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کمرے میں ہونے والی ٹیسٹنگ مسترد کرتے ہیں، اس میں پارلیمان اور اپوزیشن کی رائے شامل نہیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ریٹرنگ افسران، انتخابی عملے کو اغوا اور ووٹ کے تھیلے چرانے والے اب مشینوں کے معائنے کا ڈرامہ کررہے ہیں،عمران صاحب مشینوں کے ڈرامے سے فرصت ملے تو عوام کی مہنگائی کی خبر بھی لیں ۔ سیاسی ناقدین، آزادمیڈیا کا گلا دبا کر عمران صاحب شفاف انتخاب کا فراڈ کرنے جارہے ہیں ،عمران صاحب کو عوام کی رائے پر اعتماد ہوتا تو مشین کے پیچھے نہ چھپتے ۔مسلم لیگ( ن) پنجاب کے صدراورسابق صوبائی وزیرقانون راناثناء اﷲ نے کہا حکمرانوں کی مسلم لیگ ن میں دراڑیں ڈالنے کی خواہش پوری نہیں ہوگی،عمران ٹولہ میاں نوازشریف اورمریم نوازکی مقبولیت سے خوفزدہ ہے ا ورذہنی طورپرمفلوج ہو ہے ۔صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے اُنہوں نے کہا عمران خان ناتجربہ کاری کا خود اعتراف کرچکے اسلئے اُنہیں مستعفی ہوکر عام انتخابات کااعلان کرناچاہئے ۔حکومت برقراررہی تومعیشت کامزیدستیاناس ہوگا۔