کراچی،حیدرآباد(سٹاف رپورٹر، بیورورپورٹ) حکومت سندھ اور صوبے کے عوامی حلقوں نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور وفاقی حکومت کا منی بجٹ مسترد کردیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعا ت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ عمران خان حکومت کے عوام دشمن اقدامات سے غریب کی کمر تو ٹوٹے گی مگراس کے ساتھ معیشت کا بھی بھیڑا غرق ہونے کا اندیشہ ہے ۔ سندھ اور بلوچستان میں سی این جی قیمتوں میں اضافہ کر کے پی ٹی آئی نے سندھ دشمنی کا واضح ثبوت دیا۔ سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان کی ایک ماہ کی حکومت نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں، نواز شریف حکومت نے معیشت تباہ کی، عمران خان سرکار معیشت کا بیڑا غرق کر دے گی۔ وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ تبدیلی کے علمبردار وزیراعظم کی کراچی آمد سندھ کے باسیوں کیلئے واقعی تبدیلی بن کر نازل ہوئی ۔ صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز ناصر شاہ نے کہا کہ عمران خان کالا باغ ڈیم کے مردہ گھوڑے میں جان نہ ڈالیں۔