نارووال،لاہور(این این آئی،سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے نارووال سپورٹس سٹی کی تحقیقات کے حوالے سے کہا ہے حکومتی دباؤ سے ڈرنے اور جھکنے والا نہیں، گرفتاری خود دوں گا۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا سپورٹس سٹی پر نیب بھی اپنا مؤقف میڈیا کے سامنے لائے ، احتساب کے نام پر ملک میں ڈرامہ چل رہا ہے ۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہاپنجاب میں قتل اور جرائم کی بڑھتی وارداتیں اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ،پنجاب میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے اورلاہور میں قتل،چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ،بزدار حکومت نے پندرہ ماہ میں پانچ آئی جی تبدیل کئے لیکن پنجاب پولیس کی کارکردگی پھر بھی بہتر نہیں ہو سکی،صوبے میں ایک سال کے دوران ایک ہزارننانوے بچے اغواء ہوئے ،ایک سوتینتیس کوبازیاب نہ کرایاجاسکا،لاہورسے تین سوبانوے بچوں کو اغواء کیاگیا، رواں سال بچوں کے اغواء کی وارداتوں میں 15فیصداضافہ ہواہے ،پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے باوجود خواتین کی عصمت دری اورقتل کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھا جارہا ہے ،2019کے 10 ماہ کے دوران خواتین سے زیادتی کے تین ہزار 387 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ غیرت کے نام پر 149 خواتین کو بے دردی سے قتل کردیا گیا، اسی عرصے میں تیزاب پھینکنے کے 36 واقعات بھی رپورٹ ہوئے ۔