اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ اگر حکومت تعاون کرے تو ماربل انڈسٹری ماربل و گر ینائٹ مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دے کر اربوں ڈالر کا زرمبادلہ ملک میں لا سکتی ہے کیونکہ اس انڈسٹری میں ترقی کرنے کی بے شمار صلاحیت موجود ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ماربل صنعت کی ترقی پر خصوصی توجہ دے جس سے معیشت تیزی سے بہتری کی طرف گامزن ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں گلزار احمد نے بطور چیئرمین، محمد بلال خان نے سینئر وائس چیئرمین اور شیخ افتخار نے بطور وائس چیئرمین آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے اپنے عہدوں کا حلف لیا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا، محمد شکیل منیر,سلیم مغل، فرخ مجید، خالدمیاں اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔