کراچی(سٹاف رپورٹر)جی ڈی اے نے وفاقی حکومت کے ساتھ مفاہمت پرنظرثانی کرنے کا اشارہ دے دیا ہے ۔جی ڈی اے اورمسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیرپگارا کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے ہمیں مایوس کیا ہے ،حکومت سازی میں وفاقی حکومت کی اس لیے مدد کی تھی کہ سندھ حکومت پراعتماد نہیں تھا مگروفاقی حکومت نے مشکل وقت میں کبھی حال تک نہیں پوچھا، سندھ کے لوگوں کو وفاقی حکومت نے مایوس کیا ہے ۔ جی ڈی اے کی کورکمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیرپگارا نے کہاکہ 18ویں ترمیم کا مطلب یہ نہیں کہ وفاق صوبے کوتنہا چھوڑدے ،کتے کے کاٹے کے انجکشن بھی صوبائی حکومت کونہ دئیے جائیں ، اتحاد کے بعد مایوسی ہوئی،سندھ میں ٹڈی دل نے فصلیں تباہ کردی ہیں،رحیم یارخان میں ہیلی کاپٹرسپرے کے لیے پہنچ گئے مگر سندھ بے یارومدد گارہے ، زراعت کی تباہی سے کاشتکار بیروزگارہوں گے تو کرائم میں اضافے کا خدشہ ہے ،ایسی صورتحال پیدا ہوئی تو اسے کون سنبھالے گا؟ تین برس سے موسمیاتی تبدیلیوں کے باوجود آبادگاروں کی کوئی مدد نہیں کی گئی، ہمیں کتنا بڑا نقصان ہو رہا ہے کسی کو فکرہی نہیں،یہی حال رہا تو مستقبل میں قحط کا سامنا ہو گا،کپاس، چاول ، گندم اور مکئی کی فصل ختم ہوچکی ہے ،شہر والوں کو اس کا پتہ نہیں۔