لاہور( سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے حکومت صابن پر کھڑی ہے ، کسی وقت بھی پھسل سکتی ہے ۔قبل از وقت انتخابات کی بات اپوزیشن کی طرف سے نہیں ، خود وزیراعظم کی طرف سے آئی جس سے پتہ چلتاہے حکمرانوں کو خود اپنے آپ پر بھی اعتماد نہیں رہا کہ وہ ڈلیور کر سکیں گے ۔ منصورہ میں نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے نو منتخب صدر شمس الرحمن سواتی کی حلف برداری تقریب اور بعد ازا ں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں چھ کروڑ مزدوروں کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ حکومت ایم کیو ایم سمیت چند دوسری جماعتوں کے سہارے پر کھڑی ہے ۔اب تو وہ لوگ بھی مایوس ہوچکے ہیں جو بڑی توقعات کے ساتھ حکومت کو لے کر آئے تھے ۔ حکومت کی کارکردگی سے پتہ چلتاہے یہ زیادہ دیر چلنے والی نہیں ۔ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کے درمیان لڑائی اصولوں اور عوام کے حقوق کے لیے نہیں ، بلکہ ذاتی مفادات کے لیے ہے ۔ موجودہ حکومت نے حالات کو بگاڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ حکومت کا تبدیلی کا نعرہ سراب ثابت ہورہاہے ۔جماعت اسلامی مزدور کو کارخانے اور کسان کو کھیت کی پیدوار میں شامل کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے تاکہ ان کو ظالم وڈیرے اور بے رحم سرمایہ کار کے ظلم و استحصال سے بچایا جاسکے ۔