لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ آج باقاعدہ حکوت کے خلاف تحریک کا آغاز ہوگیا ، گرفتاریاں بھی ہونگی لیکن امیدہے کہ عوام ہمارا ساتھ دیگی کیونکہ حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔پروگرام ہوکیا رہا ہے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نیکہا کابینہ نے جو فیصلے کئے ہیں، وہ عوام کے حق میں نہیں ،چورتو کابینہ میں بیٹھے ہیں، 70 فیصد کابینہ ٹیکس ہی نہیں دیتی، یہ سارے کرپشن سے اپنے پیسے پورے کرتے ہیں،ہم تو کہتے ہیں کہ ٹی وی کے کیمرے لگائیں اورساری تفتیش عوام کو دکھائیں۔ انہوں نے کہا سیاست میں کوئی گارنٹی نہیں ہوتی، عوام ہی ضامن ہوتے ہیں، وہ ہی کسی کو سائیڈ پر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا جب ہم نے حکومت چھوڑی تھی تو اس وقت پٹرول پر 15 روپے فی لٹر ٹیکس تھا جو اب 45 روپے ہے ، حکومت اس کوکم کرکے عوام کوریلیف دے سکتی ہے ۔ ماہر قانون بیرسٹر علی ظفر نے کہا پاکستان اور برطانیہ میں مجرمان کی حوالگی کا ایسا کوئی معاہدہ نہیں جس سے نوازشریف کو واپس لایاجاسکے ، پاکستان برطانیہ سے نواز شریف کی واپسی کیلئے صرف درخواست ہی کرسکتا ہے ، زبردستی نہیں لایاجاسکتا ہے ۔ تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا شہبازشریف کو معلوم ہے کہ مائنس نوازشریف کے ساتھ وہ خود بھی زیروہیں، اب شریف فیملی کو اندازہ ہوگیا ہے کہ مزاحمت کے علاوہ کوئی چارہ کار نہیں، نوازشریف نے اپنی کشتیاں جلادی ہیں، ان کی پارٹی ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کی پارٹی رہی لیکن جب ان کو کچھ نہیں ملا تو مزاحمت کی طرف آئی۔انہوں نے کہاکہ شیخ رشید کوئی نہ کوئی ایسی کنفیوژن پیدا کرکے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ہر چینل انہیں بلاتا ہے ، اپوزیشن کی پہلے کے مقابلے میں صورتحال مختلف ہے ، پی پی اورن لیگ ایک پیج پر نہیں تھیں لیکن اب اپوزیشن ا ٓہستہ آہستہ ایک پیج پر آرہی ہے ۔