کراچی (رپورٹ:ایس ایم امین) پیپلزپارٹی نے حکومت مخالف احتجاج کا رخ نیب کی جانب موڑنے کی تیاری کرلی،اپوزیشن جماعتوں کواعتماد میں لینے کیلئے پارٹی قیادت نے سینئررہنماؤں کوذمہ داری سونپ دی،نیب کوہدف بنانے کیلئے پیپلزپارٹی ٹھوس شواہد پرمبنی مواد آج اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں پیش کریگی،نیب کی جانب سے گرفتارقیادت پربڑھتے دباؤ اور سختی کے بعد پی پی قیادت پرحکومت سے متعلق پالیسی پرنظرثانی اورنیب کی زیادتیوں کیخلاف احتجاج کا مطالبہ شدت اختیارکرگیا،جسکے بعد پیپلزپارٹی نے حکومت مخالف احتجاج کا رخ نیب کی جانب موڑنے کی تیاری شروع کردی،معتمد ترین ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی قیادت نے پارٹی کے اندرونی دباؤ کے پیش نظرحکومت مخالف تحریک میں شامل اتحادی اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرلیا اورچیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے پارٹی کے سینئررہنماؤں کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ تمام اپوزیشن جماعتوں کواعتماد میں لینے کے بعد لائحہ عمل طے کرکے حتمی رپورٹ پیش کریں،پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں نیب کے غیرقانونی اقدامات کیخلاف ملک گیراحتجاج کی کال دینے کیلئے مشاورت جاری ہے تاہم متحدہ اپوزیشن میں شامل جماعتوں کواعتماد میں لینے کے بعد پیپلزپارٹی اپنے احتجاج کا رخ نیب کی جانب موڑدیگی اورنیب کی جانبدارانہ انتقامی کارروائیوں کیخلاف ملک گیرمظاہرے کیے جائیں گے ،پہلے مرحلے میں صوبائی دارالحکومتوں اوراگلے مرحلے میں تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرزمیں احتجاجی مظاہروں کا پروگرام ہے ،اپوزیشن جماعتوں کواعتماد میں لینے کیلئے پیپلزپارٹی کی جانب سے شواہد پرمبنی مواد ورکنگ پیپرکی صورت میں تیارکرلیا گیا،جس میں کہا گیا کہ بعض حکومتی شخصیات کیخلاف اپوزیشن رہنماؤں سے زیادہ سنگین الزامات کے باوجود نیب نے ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی اوراحتساب عدالتوں میں حکومت کی حامی شخصیات کیخلاف زیرسماعت مقدمات میں بھی نیب عدم دلچسپی کا مظاہرہ کررہا ہے ۔